لاہور (جیوڈیسک) ڈکٹیٹرجنرل ضیاء الحق کے دور میں 13 مئی 1978 کو صحافیوں کو کوڑے مارے جانے کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، مقررین کا کہنا تھا کہ یہ وقت میڈیا کے متحد ہونے کا ہے، ملک میں جمہوریت کو بچانے میں میڈیا کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔
لاہور پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جمہوریت کے لیے ذمہ دار صحافت ضروری ہے، حامد میر پر حملے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے میڈیا کمیشن جلد تشکیل پا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان آمروں نے پہنچایا، صحافی آئینہ دکھاتا ہے، ایسا کرنے پر انہیں توڑا نہیں جا سکتا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور نے میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی حسین نقی کا کہنا تھا کہ اس یوم عزم پر اپنے اتحاد کو اولین سمجھنا چاہیے۔ سینئر صحافی طاہر سرور میر نے کہا کہ حامد میر کے پروگرامز میں عمران خان فوج کے بارے میں جو کچھ کہتے رہے، ان پر غداری کے کئی مقدمات درج ہو سکتے ہیں۔
سینئر صحافی راجا جلیل اختر، صدر پی یو جے وسیم فاروق، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور مسعود اللہ خان نے صحافیوں کی صفوں میں یکجہتی اور اتحاد قائم کرنے پر زورد دیا۔ تحریک انصاف کی عندلیب عباس نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔