لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری، موسم خوشگوار ہو گیا

Heavy Rain

Heavy Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت اکثرعلاقوں میں برستے بادلوں نے رت ہی بدل دی، گرمی کا پارہ گرا تو شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے، متعدد مقامات پر ژالہ باری نے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا، رواں ہفتے موسم کی صورتحال غیر متوازن رہے گی۔

لاہور میں سارا دن بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہی ،سہہ پہر اور شام کے وقت رم جھم ہوئی تو موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت میں کمی کے ساتھ ہی شہری بھی باغ باغ ہو گئے۔

فیصل آباد میں بارش کا سلسلہ سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہا، ٹھنڈی ہوائیں اور موسم کے بدلتے تیور شہریوں کو سردی یاد دلاتے رہے، شہر میں درجہ حرارت تئیس سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، پتوکی، چونیاں، اوکاڑہ اور گردو نواح میں بھی بادل خوب گرجتے برستے رہے، گوجرہ میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم اور دیگر فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

بدین سمیت دیگر ساحلی علاقوں میں گرد آلود آندھی سے متعدد کچے گھروں اور دکانوں کی چھتیں اڑ گئیں ادھر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہونے والی رابطہ سڑکیں بحال نہیں ہو سکیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج رات کئی علاقوں میں مزید بارش اور رواں ہفتے موسم کی صورتحال غیر متوازن رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔