لاہور (جیوڈیسک) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مختلف اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سولہ روپے کی کمی کے ساتھ اب دال مسور ایک سو چوبیس روپے فی کلو میں فروخت ہو گی جبکہ چاول باسمتی سپر نیا، باسمتی 386 نیا، دال چنا باریک اور بیسن کے نرخوں میں بالترتیب دو روپے، ایک روپیہ، دو روپے اور دو روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اُٹھانا شروع کر دئیے گئے ہیں۔
دال ماش دھلی ہوئی، دودھ، دہی ، چھوٹا گوشت اور بڑے گوشت کی پرانی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں تاہم تاجر برادری کی طرف سے نئی قیمتوں پر تحفظات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ توقع رکھی جانی چاہیے کہ متعلقہ اداروں اور تاجر تنظیموں کے درمیان بہتر تعاون کے نتیجے میں عوام کو جلد یہ ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔