لاہور میں مختلف مقامات پر سرائے بنائے جانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع
Posted on April 12, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور : مسلم لیگ (ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی و جنرل سیکرٹری پنجاب ویمن پارلیمنٹری کاکس حنا پرویز بٹ نے پنجاب بھر سے محنت مزدوری کی غرض سے لاہور آنیوالے غریب افراد کی رہائش کیلئے لاہور میں مختلف مقامات پر سرائے بنائے جانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی۔ گزشتہ روز جمع کرائی جانیوالے تحریک میں ممبر صوبائی اسمبلی نے بتایا کہ پنجاب کے تمام دور دراز علاقوں سے غریب اور بیروزگار لوگ ذریعہ معاش کی تلاش کیلئے لاہور آتے ہیں تاکہ یہ محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔
پہلے تو وہ بے چارے مزدوری حاصل کرنے کیلئے لاہور کی مختلف سڑکوں پر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ انہیں مزدوری مل جائے۔ چونکہ ان کے پاس رہائش نہیں ہوتی اور نہ ہی انکے پاس اتنے وسائل ہوتے ہیں کہ کرائے پر چھوٹا سا کمرہ لیکر رات بسر کرسکیں۔ اس لئے جب وہ رات گئے تھکے ہارے کام سے فارغ ہوتے ہیں تو وہ سخت گرمیوں’ سخت سردیوں حتیٰ کہ بارش کے موسم میں بھی مختلف پارکوں’ فٹ پاتھوں اور پلوں کے نیچے سوتے ہیں جہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ غریب مزدور جو بچوں کا پیٹ پالنے کی خاطر اپنا گھر چھوڑ کر لاہور میں مزدوری کیلئے آتے ہیں وہ اکثر اوقات ان جگہوں پر سوتے ہوئے مختلف حادثات کا شکار ہو کر اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن آج تک اس مسئلے کی طرف کسی نے بھی توجہ نہ دی۔ لہٰذا استدعا ہے کہ مزدوروں کی بہتری اور انکی جان و مال کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ لاہور کے مختلف مقامات پر سرائے قائم کی جائیں جہاں وہ غریب افراد محنت مزدوری سے فارغ ہونے کے بعد رہائش رکھ سکیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com