لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش، سردیاں شروع

Winter Rain

Winter Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد ملک میں سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی جاری رہے گا۔

لاہور میں صبح سے چھائے بادل دوپہر کے وقت برس پڑے۔ رم جھم نے جہاں نظاروں کو نکھار دیا وہیں موسم بھی بدل دیا۔ بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوا نے سردی کی آمد کا سندیسہ بھی دے ڈالا جس کے بعد شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے۔

اسلام آباد میں بھی آسمان سے برستے پانی نے پارہ گرا دیا۔ سیالکوٹ میں صبح سویرے بادل گھر کر آئے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔ چترال میں برفباری سے لواری ٹاپ اورشندورپاس کے راستے بند ہو گئے۔

مظفرآباد کے نواحی علاقوں پیر چناسی اور سراں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا۔ ضلع باغ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔