لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 لاہور پر ضمنی انتخاب 5 دسمبرکو مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہو گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سرِدست این اے 133 لاہور کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں تاہم صورت حال تبدیل ہونے پر الیکشن کمیشن اس حوالےسے مزید اقدامات کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، چند دن پہلے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث این اے 133 کا ضمنی الیکشن ری شیڈول کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کی تاریخ برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔