لاہور: این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

 Election Polling

Election Polling

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔ حلقے میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم بعض پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور ہیں۔

مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار میدان میں ہیں جبکہ حلقے میں ووٹر کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 133 میں کل 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 199 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی، پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کر دی ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لینے کے لیے تین کمیٹیاں بنا دی ہیں، ای وی ایم سے متعلق فیصلہ کمیٹیوں کی سفارشات پر ہو گا۔

الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے اور پریزائڈنگ افسران فوراً ریٹرننگ افسر کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 بھیجیں گے۔

خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے جبکہ ن لیگ کی جانب سے پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے اسلم گل نے کاغذات جمع کروائے ہیں اور مقابلہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔