لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں نے ریٹرننگ آفیسر کو اپنے بیانات جمع کرا دئیے۔
این اے 122 میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شکایات پر ریٹرننگ آفیسر نے نوٹس جاری کیے تھے۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری بیانات میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ انتخابی ضابطوں کی پابندی کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
انہوں نے خلاف ضابطہ ہورڈنگز نہیں لگائے ، یہ ہورڈنگز ان کے سپورٹرز نے لگائے ہوں گے جنہیں منع کردیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے خلاف ضابطہ ہورڈنگز اور سائن بورڈز چوبیس گھنٹوں کے اندر ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔