لاہور (جیوڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈشیڈنگ مانیٹر کرنے اور بجلی چوری سمیت کرپشن پکڑنے کیلئے ملک کا پہلا کمپیوٹرائزڈ پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر قائم کر دیا، آئندہ بجلی کی بندش کا لمحہ لمحہ ریکارڈ میسرہو گا، بلاجواز لوڈشیڈنگ سے نجات میں بھی مدد ملے گی۔
یہ بات حیرت سے کم نہیں کہ اس سے پہلے لوڈشیڈنگ جانچنے کا ایسا میکنزم ہی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے پاس نہیں تھا جس سے گرڈ اسٹیشنز اور فیڈرز کی غیرعلانیہ بندش اور اس حوالے سے بے ضابطگیوں کا پتہ چلایا جا سکتا، اس مسئلے کے حل کیلئے پہلا جدید پاور کنٹرول ڈسٹری بیوشن سینٹر قائم کر دیا گیا۔
توانائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاور کنٹرول سینٹر کے قیام سے کرپشن اور اضافی لوڈشیڈنگ کیساتھ افسران کی ملی بھگت سے نجات ملے گی، کسی مخصوص فیڈر یا گرڈ کو بلاجواز کئی کئی گھنٹے بند رکھنے کی بھی نشاندہی ہو جائیگی، تاہم کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو نگران بنانا بھی ضروری ہو گا۔