لاہور (جیوڈیسک) شرپسندوں نے نیشنل ڈسپیچ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کی ٹرانسمیشن لائن کے 5 ٹاورز دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیئے، جس کے بعد سسٹم میں بجلی مزید 150 میگا واٹ کم ہو گئی، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 100 میگا واٹ ہے۔
شہروں اور دیہات میں 12 سے18 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔این ٹی دی سی ترجمان کے مطابق شرپسندوں نے دھماکا خیز مواد سے 500 کے وی تربیلا شیخ محمدی ٹرانسمیشن لائن کے 3 ٹاورز اور 220 کے وی شیخ محمدی داوٴد خیل ٹرانسمیشن لائن کے 2 ٹاورز تباہ کر دیئے،ان ٹاورز کی تباہی سے سسٹم میں بجلی مزید 150 میگا واٹ کم ہو گئی، پشاور اور مردان کے متاثرہ علاقوں کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کردی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار 10 ہزار 400 میگاواٹ اور طلب 13 ہزار 500 میگاواٹ ہے، ہائیڈل کے ذریعے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 900 میگاواٹ اور تھرمل کے ذریعے ایک ہزار 440 میگاواٹ ہے، آئی پی پیز کا بجلی کی پیداوار میں حصہ 6 ہزار 60 میگاواٹ ہے، ونڈ سے بھی 4 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے، چشنوپ ون معمول کی مرمت کیلئے بند ہے۔