لاہور میں ملازمت سے نکالنے پر گارڈ نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کر دیا

Gun

Gun

لاہور (جیوڈیسک) فیصل ٹاؤن کے علاقے میں نوکری سے نکالنے کی رنجش پر سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے کار شو رومز کے 3مالکان کو قتل کر دیا۔

لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں غلام عباس نامی شخص نے نوکری سے نکالے جانے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے کار شوروم کے 3 مالکان کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔

قتل ہونے والا ملک شفقت ظہیر (ن) لیگی کارکن تھا اور اس کی بیٹی کی اتوار کو شادی تھی، ملزم 45 سالہ غلام عباس کچھ عرصے سے فیصل ٹاؤن میں مولانا شوکت علی روڈ پر درجن سے زائد شورومز کا مشترکہ سیکیورٹی گارڈ تھا، شوروم مالکان اس کی کارکردگی سے خوش نہ تھے جس پر اسے نوکری سے نکال دیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق ملزم سیکیورٹی گارڈ غلام عباس شاہ امامیہ کالونی شاہدرہ کا رہائشی تھا، اس کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ اپنی فیملی کے ہمراہ فرار ہو چکا ہے۔