لاہور کے داخلی و خارجی راستے بند ، عوامی مشکلات میں اضافہ

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بدستور بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، راوی پل پر باراتیوں کی پولیس سے جھڑپ ہو گئی مریض بھی ٹریفک میں پھنس کر رہ گئے۔

عوامی تحریک کے یوم شہدا کے پیش نظر شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے ، راوی پل پر کینٹینر کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد پیدل سفر کرنے پر مجبور ہے جبکہ امامیہ کالونی کے پھاٹک کو بند کر کے خار دار تاریں لگا دی گئی ہیں۔

موٹر وے اور جی ٹی روڈ سے بھی لاہور میں داخلے کا راستہ بند ہے۔ پولیس موٹر وے اور جی ٹی روڈ سے لاہور آنے والوں کو واپس بھیج رہی ہے ، جبکہ لاہور سے باہر جانے والوں کے لیے موٹر وے کی ایک لین کھول دی گئی۔

پو لیس نے شیخوپورہ جانے والی برات کو بھی روک دیا۔ جس پر باراتیوں کی پولیس سے جھڑپ ہو گئی۔ راستوں کی بندش اور گھنٹوں انتظار کی وجہ سے کم سن بچے اور بوڑھے مریض گاڑیوں میں تڑپتے رہے۔ مگر کسی کو بھی لاہور آنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔