لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سگیاں پل کی قریبی آبادی میں پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 9 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔
سگیاں پل کی آبادی واٹر لینڈ پارک کے قریب بچوں کے واکرز بنانے والے تین منزلہ کارخانے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب آگ لگی، پلاسٹک،کیمیکلز اور گیس سیلنڈروں سے آگ اتنی بھڑکی کہ شعلے آسمان سے باتیں کرتے رہے۔
فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کے مطابق آگ عمارت میں موجود لفٹ کے شارٹ سرکٹ سےلگی۔
فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ وہ گلبرگ میں اپنے گھروں میں سوئے ہوئے تھے، مزدوروں کی اطلاع پر ریسکیو کو اطلاع کرکے یہاں پہنچے جب تک فیکٹری میں کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق 2 کنال کی تین منزلہ فیکٹری میں پلاسٹک کا خام مال بڑی مقدار میں تھا، آگ وقفے وقفے سے بھڑکتی رہی اسی لیے بجھانے میں زیادہ وقت لگا۔
ریسکیو اسٹاف نے 16 فائرٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔