لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں مسلسل تیسرے روز بھی دھند کا راج رہا۔ دھند بڑھنے کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گیا جس کے بعد علاقہ اقبال ائیرپورٹ اور موٹرے وے کو بند کر دیا گیا۔ دھند کی وجہ سے لاہور میں تیرہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دو سے تین روز تک آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ادھر فیصل آباد میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کو پنڈی بھٹیاں تک بند کرنا پڑا۔ کراچی سے فیصل آنے والی پرواز کو بھی دھند کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا یہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے۔ کراچی میں آئندہ دو تین بعد آسمان پر بادل چھائے رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔
ملتان میں بھی موسم سرد اور خشک ہے کم سے کم درجہ حرارت 9سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان اور گردو نواح میں سردی کی شدت برقرار ہے محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے تاہم محکمہ موسمیات کیمطابق شہر اور گردو نواح میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔