لاہور: فیروز پور روڈ پر لنڈا بازار میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں فیروز پور روڈ پر جنرل ہسپتال کے سامنے لنڈا بازار میں آتشزدگی سے درجنوں دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں، شدید آگ پر قابوپانے کے لئے شہر بھر سے فائر بریگیڈ گاڑیاں طلب کی گئیں۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ لاہور میں جنرل ہسپتال کیسامنے لنڈا بازار میں کپڑوں کے پچاس کے قریب اسٹالز میں شام کے وقت اچانک آگ لگ گئی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ملحقہ دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زندگی بھر کی جمع پونجی کو جلتا دیکھ کرغریب دکاندار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

دوسری جانب شہریوں کے ہجوم کے باعث فیروز پور روڈ پر ٹریفک بلاک ہو گئی جس سے ریسکیو اور فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر میٹرو بس سروس کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ حکام نے ٹریفک کیشدید رش کے باعث ریسکیو ٹیموں کو میٹرو کا ٹریک استعمال کرنے کی خصوصی اجازت دی۔ آتشزدگی کایہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، تاہم بروقت امداد نہ ملنے سے بھی آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔