لاہور (جیوڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف فلور ملز مالکان نے آج سے شہر میں آٹے کی فراہمی بند کردی ہے جس کے بعد کئی علاقوں میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 2 سے 5 روپے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
لاہور کے فلور ملز مالکان نے گزشتہ کئی روز سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مختلف ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف احتجاج کے طور پر آٹے کی فراہمی علامتی طور پر بند کررکھی تھی تاہم آج سے اسے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ فلور ملوں سے فراہمی بند ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ناجائز منافع خوروں نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 2 سے 5 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب فلو مل مالکان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گے تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ صوبے کی سطح پر بڑھا دیں گے۔