لاہور میں آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر

Flour

Flour

لاہور (جیوڈیسک) عوام کو امید تھی کہ نئی حکومت آتے ہی کھانے پینے کی اشیا سستی ہو جائیں گی لیکن معاملہ اسکے الٹ ہے،آٹے جیسی بنیادی شے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے، عوام کا کہنا ہے کہ روٹی کوئی عیاشی نہیں ہر گھر کی ضرورت ہے حکمران اسے تو سستا رہنے دیتے، لاہور میں چکی آٹا کی قیمت چند روز میں 37 روپے سے بڑھ کر 46 روپے کلو ہوگئی ہے۔

دکان دار اس کی وجہ بجلی، پٹرول اور گندم کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بتاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چکی آٹا فلورملوں کے آٹے سے کہیں معیاری اور خالص ہوتا ہے لہذا اس کی قیمت بھی زیادہ ہے۔ صارفین اس صورتحال پر سخت مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے غریب آدمی پھل اور جوس استعمال کرنے سے رہا، ایک آٹا ہے وہ بھی اس کی پہنچ سے دور کیا جارہا ہے۔ روٹی 6 روپے کی نان 8 روپے کا ہوگیا ہے۔

زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں آٹے کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں پالیسی سازوں کی ناکامی ہے، آٹا مزید مہنگا ہوا تو غریب روٹی کو بھی ترسے گا۔