لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر میں ”شہدائے چارسدہ سٹوڈنٹ ایجوکیشنل ایکسپو”کے دوسرے روز تین لاکھ افراد نے شرکت کی، تین ہزار طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے پاکستان کے ہیروز کو ”عزم عالیشان ” ایوارڈز دئیے گئے۔ایکسپو کے اندر مختلف تعلیمی اداروں کے سٹالز سے سینکڑوں طلبہ وطالبات نے معلومات حاصل کیں۔سکولز سیشن میں لاہور کے سکولز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور اپنی پر فارمنس کا مظاہر ہ کیا جبکہ لاہوری کھانوں کے خصوصی سٹالز لگائے گئے تھے۔طلبہ نے پیٹنگ کے خصوصی مقابلوں میں طلبہ وطالبات کو موٹر سائیکلز اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ جبکہ نیلام گھر میں طلبہ وطالبا ت کو لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ، موبائلز، ٹی شرٹس اور دیگر نقد انعامات دئیے گئے۔ہیروز سیشن میں قائد اعظم کے رفیق کرنل (ر) سلیم،جنرل(ر) جاوید سابق ایم ڈی سٹیل مل،ناصر ادیب فلم ڈائریکٹر، حذیر اعوان ، ینگ آئی ٹی ایکسپرٹ، حارث منظورسمیت دیگر افراد شامل تھے۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نظام تعلیم قوموں کی بقاء کی ضمانت ہے ، ہم نے قوم کو مختلف نظام ہائے تعلیم دے کر مختلف طبقات میں تقسیم کردیا معاشرے میں عدم برداشت کا کلچر فروغ پا رہا ہے جو ملک کے لئے زہر قاتل سے کم نہیں ہے،طلبہ ملک کا سرمایہ ہے جس کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ یکساں نظام تعلیم کے لئے اقدامات کرے، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ زبیر حفیظ نے کہا کہ جمعیت نے ہر دور میں طلبہ کی رہنمائی اور ان کے حقوق کی جدو جہد کے لئے اپنی صلاحیتیں صرف کی ہیںاور آئند ہ بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھے گی ، انہوں نے شہدائے چارسدہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور تعلیمی اداروں میں دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیاست کی بجائے ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کی جائے اور سیاست کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں، ہیروز سیشن کے مہمان خصوصی صدر الخدمت فائونڈیشن عبد الشکور تھے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ ہی قوم کے ہیروز ہیں ، پاکستانی قوم دنیا میں سب سے زیادہ لوگوں کی خدمت کا جذبہ ہوتا ہے، پوری دنیا میں پاکستانی ہیروز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے۔