لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور میں فارن منسٹری کیمپ آفس میں ڈاکٹر سے بدسلوکی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور فارن منسٹری کیمپ آفس میں ڈاکٹر نعمان دستاویزات کی تصدیق کے لیے پہنچے تو ڈیوٹی پر موجود اہلکار نے ان سے مبینہ طورپر بدتمیزی شروع کر دی۔
پولیس اہلکار ڈاکٹر نعمان کو گریبان سے پکڑ کرتشددکرتا رہا جب کہ دوسرا فوٹیج بنانے والے شہری کو روکتا رہا۔
ڈی ایس پی اچھرہ کا کہنا تھا کہ فریقین میں صلح ہو گئی تھی مگر بعد میں کانسٹیبل گلفام نے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی، واقعے کی تحقیقات کےبعد قانون کےمطابق کارروائی کرینگے۔
واقعے کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے متعلقہ اہل کار کےخلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسپلن کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
سی سی پی او کا کہنا تھاکہ کسی اہلکار کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کسی اہلکار کو شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے کا حق نہیں۔
دوسری جانب سے سی سی پی او لاہور کے نوٹس کے بعد ڈاکٹر سے بدسلوک کرنے والے اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل گلفتان اور کانسٹیبل اسلام کو گرفتار کرلیا گیا جس کی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔