لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کے جنرل اسپتال میں آرتھوپیڈک وارڈ کے 18 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہو گئے جس کے بعد ایم ایس جنرل اسپتال نے ابتدائی طور پر آرتھوپیڈک وارڈ کو تین روز کے لیے بند کر دیا۔
لاہور کے جنرل اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق آرتھوپیڈک وارڈ کے 18 ڈاکٹروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آرتھوپیڈک وارڈکے سربراہ نے پرنسپل کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ وارڈ کے باقی ڈاکٹروں کو کورنٹائن کردیا گیا ہے اس لیے آرتھوپیڈک وارڈ کو 10 روز کے لیے بند کردیا جائے۔
ایم ایس جنرل اسپتال محمود طارق کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے پر ابتدائی طور پر وارڈ کو 3 دن کے لیے بند کرکے ڈس انفیکٹ کیا جا رہا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنس کے 3 ڈاکٹروں اور 2 نرسزکا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔