لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے معروف کاروباری مرکز ہال روڈ کے تاجر مبینہ بھتہ خوری کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، عدم تحفط کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹ کی سینکڑوں دکانیں بند کر دیں۔ لاہور کے تجارتی مرکز ہال روڈ کے تاجروں نے مبینہ بھتہ خوری اور تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارٹس مارکیٹ کی دکانیں بند کر دیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ہال روڈ کے ایک بااثر گروپ کی جانب سے انہیں ہفتہ اور ماہوار بھتے کی ادائیگی کے لیے دھمکایا جا رہا ہے۔ گزشتہ رات بھی بھتہ نہ دینے پر تاجروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کا مال قبضے میں لے لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع پولیس کو کئی بار کی گئی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں کا کہنا تھا کہ مبینہ بھتہ خوری نہ روکی گئی تو لاہور میں بھی کراچی جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اعلی پولیس حکام واقعے کا نوٹس لیں اور تاجروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔