لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں صبح چھ بجے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس سے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں گھروں کی چھت گرنے سے چھ افراد ملبے تلے دب گئے۔ لاہور اور اس کے گردو نواح کو علی الصباح گہرے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد ابرِ کرم ایسا برسا کہ شہر جل تھل ہوگیا۔
ٹھنڈی ہلکی ہواوں سے گرمی اور حبس کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ مغل پورہ، دھرم پورہ، دوموریہ پل، حاجی کیمپ ایمپرس روڈ، لکشمی چوک، گلبرگ، قذافی اسٹیڈیم اور انڈرپاسز میں بھی پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں۔
کئی علاقوں میں گھروں کے اندر بھی پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم نکاسی آب کے لیے تاحال مناسب انتظامات نہیں دیکھے جاسکے۔ ریسکیو کے مطابق بارش کے باعث سنگھ پورہ شوالا چوک میں ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث چار افراد ملبے تلے دب گئے، اسی طرح شیرا کوٹ کے علاقے میں ایک مکان کی چھت گر نے سے دو افراد ملبے تلے دب گئے۔