لاہور (جیوڈیسک) بھاشا ڈیم ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے انتہائی ضروری ہے درخواست گزار لاہور ہائیکورٹ میں بھاشا ڈیم کی تعمیر روکنے کے اقدام کو چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ احمد مسعود گجر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھاشا ڈیم ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
یہ ڈیم نہ صرف 4500 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا بلکہ اس کے ذریعے اربوںروپے کا ضائع ہونے والا پانی بھی محفوظ کیا جاسکے گا جس سے زراعت کے لیے پانی بھی فراہم ہو گا۔ درخواست گزار کے مطابق اس ڈیم کی تعمیر پر اب تک 24 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ 12 ارب ڈالر میں یہ منصوبہ مکمل ہونا ہے مگر حکومت نے کسی بھی قانونی جواز اور اختیار کے بغیر منصوبے پر کام روک دیا ہے۔
جس سے نہ صرف خرچ کیے گئے اربوں روپے ضائع ہو جائیں گے بلکہ بعد میں منصوبے کی لاگت میں اربوں ڈالر ز کا اضافہ ہو گا۔ بھاشا ڈیم قدرتی طور پر پہاڑوں کے درمیان میں گھرا ہوا ہے اور اس میں سیلابی پانی کو روکنے کی صلاحیت موجود ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر کو چھوڑ کر واسو ڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے۔
جو معیار پر پورا نہیں اترتا لہذا عدالت حکم دے کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر پر کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور منصوبے کے مکمل ہونے تک اس کی ہفتہ وار رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کروائی جائے۔