لاہور ہائیکورٹ میں بسنت کی اجازت دینے کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہو گی

Basant

Basant

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کی اجازت دینے کے خلاف درخواست کی سماعت آج لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ میں بسنت کی اجازت دینے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس عاطر محمود کریں گے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے پریس کانفرنس کے دوران بسنت پر عائد پابندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بسنت کے منفی پہلوؤں کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

بعد ازاں پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

درخواست گزار صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ بسنت خونیں کھیل کی شکل اختیار کر گئی تھی جس کی وجہ سے اس پر پابندی لگا ئی گئی تھی اب حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانےکے لیے بسنت جیسے کھیل کی اجازت دے رہی ہے۔

صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ گلے پر ڈورپھرنے سے بےشمار قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور پتنگ بازی سے اربوں روپے کی قومی املاک کا بھی نقصان ہوا، عدالت حکومت پنجاب کی جانب سے بسنت کی اجازت کا اقدام کالعدم قرار دے۔