لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے مجرم گلو بٹ کی سزا کے خلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ گلو بٹ نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گاڑیوں کے شیشے توڑنے پر 11 سال کی سزا انصاف کے منافی ہے۔
اور میرے ڈنڈے سے کسی کا جانی نقصان نہیں ہوا صرف گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جرم چھوٹا ہے لیکن اس کی سزا بڑی دی گئی اس لئے سزا کم کی جائے۔ عدالت نے درخواست پر گلو بٹ کے دستخط نہ ہونے پر درخواست واپس کردی اور گلو بٹ کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اپنا تصدیق شدہ وکالت نامہ جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ 17 جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں شہریوں کے املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مجرم گلو بٹ کو 11 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔