لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کے خلاف عدلیہ کے بارے میں بیان دینے کےخ لاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
چیف الیکشن کمشنر پاکستان جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کو عدلیہ کے خلاف بیان دینا مہنگا پڑ گیا، لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمشنر آئین کے تحت شفاف انتخابات کرانے اور ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، چیف الیکشن کمشنر نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ہائیکورٹس کے خلاف بیان بازی شروع کر دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے عدلیہ کےاحکامات ماننے کے پابند ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہائیکورٹس کے خلاف بیان پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
جسٹس سید منصور علی شاہ نے چیف الیکشن کمشنر سے 22 دسمبر کو تحریری وضاحت طلب کر لی۔