لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ میں اپیل زیر سماعت ہونے کی بنیاد پر دہشت گرد محمد فیض کو 14 جنوری کو پھانسی لگانے سے روک دیا۔
محمد فیض پر حساس اداروں کے اہلکاروں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ دہشت گرد محمد فیض نے اپیل دائر کی تھی کہ سزائے موت کیخلاف اس کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے مگر اس پر فیصلے سے پہلے ہی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیے اور اب اسے 14 جنوری کو پھانسی پر لٹکایا جارہا ہے۔
عدالت نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا کہ جب تک کسی ملزم کی اپیل کا فیصلہ نہیں ہوتا اسے پھانسی پر کیسے لٹکایا جاسکتا ہے ۔ آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ فیصل آباد نے عدالت کو تحریری یقین دہانی کرائی کہ دہشت گرد محمد فیض کی اپیلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد قانون کےمطابق اس کی سزا پر عملدرآمد کیا جائے گا۔