لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو فوری طور پر میڈیا پر نشر کرنے کی پابندی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔
عدالت کے روبرو پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ پابندی کے نوٹیفکیشن سے پنجاب حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم عدالت نے حکومت پنجاب کی جانب سے مبہم جواب کو مسترد کر دیا اور حکومت پنجاب کو تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔
جبکہ پیمرا کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت مانگ لی گئی، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ایسے احکامات کیوں جاری کئے جاتے ہیں جن کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔
ہائیکورٹ نے پیمرا کو یکم دسمبر تک جواب داخل کرنے کیلئے مہلت دے دی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے۔