لاہور ہائیکورٹ: حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کر دی۔ عدالت نے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا حمزہ شہباز کے اثاثوں میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا، وہ اپنے اثاثوں کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے، صاف پانی کمپنی کیس سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جا چکا ہے۔

وکیل حمزہ شہباز نے کہا نیب نے ریفرنس دائر کرنے کے بعد حمزہ شہباز کو نامزد کیا، رمضان شوگر ملز میں مقامی ایم پی اے کی درخواست پر نالہ تعمیر کیا گیا، سلمان بٹ ایڈووکیٹ بیرون ملک موجود ہیں، پیش ہونے کیلئے مہلت دی جائے، وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیسز کی سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کی جائے۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ بہت پرانا معاملہ ہے، دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے، درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں اتنا وقت نہیں دیا جاتا، یہاں چار، چار سال سے عبوری ضمانت کی درخواستیں التوا میں ہیں۔

یاد رہے حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں۔