لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
جیونیوز کے مطابق مریم نواز نے نیب کی جانب سے طلبی کے بعد حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی جس میں مریم نواز نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے دو انکوائریز میں طلب کیا تھا جس میں وہ پیش ہونا چاہتی ہیں لیکن نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر آج ہی سماعت کی اور ان کی 12 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار ی سے روک دیا۔
عدالت نے 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض مریم نواز کی ضمانت منظور کی اور نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے اسے نوٹس جاری کردیا۔
واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو ایک خط بھی لکھا جس میں نیب آفس کو ریڈ زون قرار دے کر پولیس اور رینجرز تعینات کرنے کی استدعا کی جسے حکومت نے منظور کرلیا۔