لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کے روبرو درخواست گزار احمد قریشی کے وکیل نے موقف اختیار کیا۔
کہ وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے دھاندلی سے حکومت بنائی ہے اور اس حوالے سے متعدد قومی اور صوبائی حلقوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ثابت ہوئی جبکہ وزیر اعظم نے اس سارے معاملہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی سفارش کی ہے۔
لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ جب تک دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوتی تب تک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔