لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شہزادہ مظہر نے مؤقف اختیار کیا کہ پی سی بی نے سپر لیگ کے میڈیا حقوق کی فروخت کے لئے نیلامی کا اشتہار جاری کیا مگر نیلامی کا عمل مکمل کئے بغیر ہی پی ٹی وی اور ٹین سپورٹس کو میڈیا حقوق فروخت کر دئیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے نیلامی کا عمل مکمل کئے بغیر قواعد و ضوابط کے برعکس میڈیا حقوق فروخت کئے، لہٰذا عدالت غیر قانونی طور پر فراہم کئے گئے میڈیا رائٹس کے خلاف اقدام کو کالعدم قرار دے۔
جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت چار جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست گزار کو مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔