لاہور (جیوڈیسک) لاہورہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بھائی کے گھر ڈکیتی کے ملزم کی مبینہ غیر قانونی قید کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ فیصلہ سنتے ہی ملزم نے شور مچادیا جس پر پولیس اسے گھسیٹتی ہوئی عدالت سے باہر لے گئی۔
ملزم مشتاق کی والدہ نے بیٹے کی بازیابی کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔پولیس نےموقف اختیارکیاکہ ملزم سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بھائی کے گھرمیں ڈکیتی سمیت سنگین نوعیت کےدیگر مقدمات میں ملوث ہے۔
ملزم نےعدالت کو بتایا کہ پولیس نےاسے شدید تشددکانشانہ بنایا ہےاور اسے جان کا خطرہ ہے،عدالت نےپولیس کو حکم دیا کہ ملزم کومتعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے۔درخواست مستردہونےپرملزم نےعدالت میں واویلا شروع کر دیا،اورلیٹنے کی کوشش کی،تاہم پولیس اہلکار ملزم کوکھینچتے ہوئے احاطہ عدالت سےباہر لے گئے۔