لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سیاسی جماعتوں کو آج رات 12 بجے تک جلسے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ مقررہ وقت کے بعد میڈیا جلسے کی کوریج نہ کرے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سیاسی جماعتوں کا دھرنا روکنے کے لئے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ سمیت تاجروں نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا سیاسی جماعتیں عوام کی منتخب حکومت کے خلاف دھرنا دینے جا رہی ہیں، مال روڈ پر دھرنوں سے تاجر برادری متاثر ہوتی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کا دھرنا پی پی سی 124 اے کی خلاف ورزی ہے، آج مال روڈ کے دھرنے سے عوام کے حقوق مجروح ہوں گے۔
وکیل درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ ریاست عوام کے حقوق کی حفاظت کی ذمہ دار ہے، سیاسی جماعتوں کے دھرنے سے مال روڈ اور ارد گرد کی مارکیٹیں بند ہونے سے ملکی معیشت کو نقصان ہوگا۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت سیاسی جماعتوں کو مال روڈ پر دھرنا دینے سے روکنے کا حکم دے۔