لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے آتشزدگی کیس نمٹا دیا

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے آتشزدگی کیس نمٹا دیا۔ پنجاب حکومت نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ذمہ داروں کا جلد تعین کرکے کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایل ڈی اے میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو نہ پانا ریسکیو انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

ابھی تک حکومت اس کی انکوائری مکمل نہیں کر سکی۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ایل ڈی اے واقعے کی ازسرنو انکوائری جاری ہے اور بہت جلد ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے ڈی جی ریسکیو ون ون ٹو ٹو کو بطور فائر سیفٹی کمیشن چئیرمین کے عہدے پر کام کی اجازت دے دی اور قرار دیا کہ ذمہ دار جو بھی ہو اسے گرفت میں لایا جائے۔ قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں۔