لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے مصطفی آباد دھرم پورہ میں مبینہ طور پر کھانے کا بل مانگنے پر پولیس اہلکاروں نے ہوٹل ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تاجروں کے احتجاج کے بعد 5 اہلکار معطل کر دیے گئے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ 4 پولیس اہلکاروں نے 320 روپے کا کھانا کھایا اور صرف 60 روپے دیے، ہوٹل انتظامیہ نے باقی رقم کا مطالبہ کیا تو اہلکاروں نے پولیس کی موبائل بلا لی جس میں آنے والے سب انسپکٹر عبدالستار اور دیگر اہلکاروں نے ہوٹل انتظامیہ کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔
ہوٹل مالک رانا محمد ارشاد نے بھاگ کر قریبی گھر میں پناہ لی تو پولیس اہلکار وہاں بھی گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی۔
اس واقعے پر اہلِ علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران نے سب انسپکٹر عبدالستار سمیت 5 اہلکار معطل کر کے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے۔