لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے اچھرہ، مزنگ اور سمن آباد سے گزرنے والے گندے نالے کا پانی گھروں میں جاگھسا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سیورج کے پانی نے انہیں بے گھر کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے امدادی کارروائیاں فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
ایک پانی اور اوپر سے گندا اور جا گھسے گھروں میں۔ یہی کچھ کیا فیروز پور روڈ پر ایل اوایس سے ملتان روڈ تک بہنے والے گندے نالے کے پانی نے۔ نالے پر سڑک کے تعمیراتی کام کے باعث پانی کو روکا تو وہ اچھرہ کی آبادی چودھری کالونی میں داخل ہوگیا، تعفن سے متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ وہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی بے گھر ہوگئے، خدشہ ہے ان کے مکان ہی زمیں بوس نہ ہوجائیں۔
متاثر ہ لوگوں نے فیروز پور روڈ پر جمع ہو کر احتجاج شروع کر دیا، انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، ٹائر جلائے، سڑک بلاک کر دی۔ وزیر اعلیٰ کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی، ڈی سی او نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ انکا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔
انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کے نقصان کا ازالہ بھی کرے۔