لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے اچھرہ بازار پاکستان چوک کے ایک تاجر کی دکان کو بھتہ نہ دینے پر بم سے اڑا دیا گیا، دھماکے سے 9 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زور دار دھماکے سے دکان کا شٹر دور جا گرا اور زمین پر گڑھا پڑ گیا جبکہ قریبی عماتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دھماکے سے 9 افراد زخمی ہوئے جنھیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ وزیر ستان کے رہائشی دکان کے مالک مومن خان نے بتایاکہ اسے بھتہ خوروں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔
سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ مومن خان کی درخواست پرکان نہ دھرنے والے اہلکاروں اور بھتہ خوروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ بم دھماکے میں اڑھائی سو سے تین سو گرام بارود استعمال کیا گیا۔