لاہور (جیوڈیسک) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے صنعتی یونٹس کو 3 ماہ کے اندر شہر سے باہر منتقل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا اور کہا ہے کہ 3 ماہ بعد شہرمیں قائم صنعتی ادارے سیل کر دیئے جائیں گے۔ ڈی سی او لاہور نسیم صادق کی صدارت میں شہر میں قائم صنعتی یونٹس کومنتقل کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس کے بعد شہر میں موجود صنعتی یونٹس کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
ڈی سی او نے بتایا کہ پنجاب حکومت اِن صنعتی یونٹس کو سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں جگہ دے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 3ماہ بعد جو صنعتی یونٹس شہر میں ہوں گے، ان کا سامان ضبط کرکے سیل کر دیئے جائیں گے۔ آگ لگنے کے واقعات میں جانی نقصان اور آگ بجھانے میں درپیش مشکلات کی وجہ سے اِن صنعتی یونٹوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔