لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف آج مہنگائی کے خلاف لاہور میں احتجاجی جلسہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے کارکن ناصر باغ میں جمع ہو رہے ہیں، سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
آج لاہور میں عمران خان ایک بار اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہے ہیں، مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے لیے عمران خان بڑے پر امید ہیں کہ عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، تحریک انصاف کے کارکن لاہور کے ناصر باغ میں جمع ہو رہے ہیں، عمران خان کی آمد سے پہلے تحریک انصاف کے قائدین یہاں پر اجتماع سے خطاب کریں گے۔
عمران خان کی قیادت میں احتجاجی ریلی مال روڈ سے گزرتی ہوئی فیصل چوک، پنجاب اسمبلی تک پہنچے گی، جہاں عمران خان خطاب کریں گے۔ عمران خان گذشتہ روز ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کا ا حتجاج پر امن ہوگا لیکن اگر پنجاب حکومت نے کچھ کیا تو ذمہ دار خود ہو گی۔
دوسری طرف ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج لاہور میں جلسہ نہیں، سرکس ہونے جا رہا ہے، عمران خان یاد رکھیں، دھرنوں سے وہ وزیراعظم نہیں بن سکتے۔