فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف مدینہ ٹائون کے صدر اور وائس چیئرمین انصاف بزنس فورم حاجی عبداللہ خان دمڑ نے کہا ہے کہ لاہور میں بے گناہ افراد کا قتل عام افسوسناک فعل ہے۔ ہم جاں بحق ہونیوالے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کا راگ الاپنے والے شریف برادران نے بے گناہ انسانوں پر گولیاں چلوا کر جمہوریت کو دفن کر دیا ہے۔
شریف برادران اقتدار کے نشے میں اندھے ہو چکے ہیں۔ اپنے معمولی موروں کی ہلاکت پر تو سخت ایکشن لیا جاتا ہے لیکن بیش قیمت انسانی جانوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا لیکن رتی برابر بھی ملال محسوس نہیں کیا گیا بلکہ الٹا واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کر کے شہباز شریف نے عوام دشمنی کا ثبوت دیا۔
عبداللہ دمڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ناکام سٹیٹ بنا دیا ہے جہاں حکمران اپنے ہی بے گناہ عوام کو گولیاں کا نشانے بنانے میں مصروف ہیں۔ لاہور کے واقعہ نے مسلم لیگ (ن) حکومت کی روانگی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ بے حس حکمرانوں کے خلاف صف بندی کر لیں۔