لاہور میں داعش کمانڈر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

Arrest

Arrest

لاہور (جیوڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شاہدرہ کے علاقہ میں خفیہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم داعش کے مقامی کمانڈر کو2 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق اس شخص کا نام یوسف السلفی ہے جو پاکستانی نژاد شامی شہری ہے اور قریباً 5 ماہ قبل ترکی کے راستے پاکستان پہنچا تھا جبکہ اس کے دیگر2 ساتھیوں میں سے ایک کا نام حافظ طیب ہے جو داعش جنگوؤں کو شام بھجوانے کے فرائض ادا کر رہا تھا اور دیواروں پر داعش کے پیغام بھی تحریر کرتا تھا اور مقامی مسجد میں امام مسجد کے فرائض بھی سر انجام دیتا رہاہے جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کا نام ڈاکٹر فواد بتایا گیا ہے جو نوجوانوں کو بیرون ممالک بحھوانے کا لالچ دے کر داعش کیلیے کام کرنے کیلیے مجبور کرتا رہا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ عسکری حکام نے اس گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق یہ شخص شام کی سرحد سے ترکی میں داخل ہوا تھا جہاں وہ گرفتار بھی ہو گیا تھا تاہم اس نے کسی طرح وہاں سے پاکستان پہنچنے کا انتظام کیا اورپاکستان میں داعش کی قیادت سنبھالی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص نے دوران تفتیش داعش سے تعلقات تسلیم بھی کرلیے ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا ساتھی داعش سے ہر جنگجو کو شام بھجوانے کے بدلے600 امریکی ڈالر وصول کرتا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ داعش کے اس اہم مقامی کمانڈر کے گرفتار ہونے کے بعد دوران تفتیش بہت اہم انکشافات کیے ہیں اور اس کے انکشافات کی روشنی میں حساس ادروں نے ان کے مزید ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی ہے، جن افراد کو ان دہشت گردوں نے شام پہنچایا ہے ان کے بارے میں بھی حساس ادروں نے تفصیل حاصل کرلی ہے ان کی بھی چھان بین کیلیے کام شروع کردیا گیا ہے۔

مزید برآں خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پنڈوریاں میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے6 مبینہ شدت پسندوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، شدت پسند خراسانی گروپ کیلیے کام کرتے تھے۔ خفیہ ادارے کے اہلکاروں کو بتایا گیا کہ شدت پسند حکومت یا سیکیورٹی فورسز کی شخصیات کونشانہ بناسکتے ہیں۔

مزید یہ کہ وہ23 مارچ کی پریڈ یا اس ضمن میں ہونے والی سرکاری تقریب کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔دریں اثنا دس دیگر مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں صوابی میں پولیس سے جھڑپ میں ایک دہشتگرد ہلاک اور2 کو گرفتارکرلیا گیا۔ چمن میں بھی پاک افغان سرحد پر ایف آئی اے نے کارروائی کرکے 6 افغان باشندے گرفتار کرلیے۔