لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں موسم خشک، سردی میں بھی کمی کا امکان

Sky

Sky

لاہور، اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین سے چار روز تک ملک کے بیشتر حصے خشک موسم کی ذد میں رہیں گے۔ سردی کی شدت میں بھی بتدریج کمی کا امکان ہے۔ سورج کی کرنوں میں نہایا ملکہ کوہسار مری کا ہر منظر قدرت کا حسین شہکار بن گیا۔

یخ بستہ ہواؤں اور سورج کی تمازت نے موسم کو دلکش بنا رکھا ہے۔ سیاح آج بھی دلفریب موسم کے مزے لوٹنے پر کمر بستہ ہیں۔ زیارت، گلیات، نتھیا گلی اور ایوبیہ سمیت دیگر مقامات پر برف کی آغوش میں ہیں۔

کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی سورج کرنیں بکھیر رہا ہے جس کی وجہ سے موسم کروٹ بدلنے لگا۔ لاہور میں دن روشن اور مطلع صاف ہے، سورج نے رنگ دکھایا تو سردی بھی بتدریج کم ہونے لگی۔

ملتان شہر اور گرد و نواح میں بھی سورج آب و تاب سے نکلا تو موسم گرم ہونے لگا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے تین سے چار روز کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی نوید سنا رکھی ہے۔