لاہور ،اسلام آباد،راولپنڈی،گجرانوالہ،فیصل آبا، ساہیوال،ملتان،بہاولپور،اوکاڑہ سمیت دیگر شہروں میں بھرپور احتجاجی مظاہرے
Posted on March 27, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(26مارچ 2013ئ)اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت منگل کو نصاب تعلیم میں تبدیلی اور انگریزی ذریعہ تعلیم کے خلاف پنجاب بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی،گجرانوالہ،فیصل آباد،سرگودھا،اوکاڑہ ،لیہ ،ڈیرہ غازی خان ،ساہیوال،ملتان،بہاولپور سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہریں نے میں شاہراہیں بلاک کر کے احتجاج کیا۔ متعدد تعلیمی اداروں میں کلاسز کا بائیکاٹ اور بینرز آویزاں کیے گئے۔
لاہور میں مرکزی اور بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کی ۔ احتجای مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محمد زبیر صفدرنے کہا ہے کہ نصاب تعلیم میں غیر ملکی طاقتوں کی ایماء پر کی جانے والی تمام تر کوششوں کی مذمت کرتے ہیں ۔کسی بھی سطح پرنظریہ اسلام اورنظریہ پاکستان کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔شہباز شریف کی طرف سے لیا جانے والا نوٹس محض نمائشی اور سیاسی ہے۔
حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں شہباز شریف مائیکل باربر کی دی ہوئی پالیسیوں کے مطابق نظام تعلیم ک ونافذ کرنا چاہتے ہیں جو کہ وطن عزیز کی عوام کو قبول نہیں۔ پچھلے سال بھی نصاب میں تبدیلی کر کے پھر نام نہاد نوٹس لیا گیاتھا لیکن ان کوششوں سے باز رہنے کے بجائے اس سال پھر نصاب میں تبدیلی اور قومی زبان اردو کے خاتمے کی کوشش کی گئی۔پنجاب کی تعلیمی کمیٹی مائیکل باربر کی دی ہوئی پالیسی پر اب بھی عمل پیرا ہے۔
مظاہرے سے خطاب میں ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے مزید کہا کہ قومی زبان اُردوکے خاتمے کے لیے بیرونی اشاروں پر انگریز ی ذریعہ تعلیم نافذ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔قومی زبان کی ترقی کی کوششیں کرنے کے بجائے حکمرانوں کی طرف سے خاتمے کے لیے آلہ کار بننا قابل مذمت ہے۔پنجاب حکومت نے اپنے اقتدار کے آخری دنوں میںبھی بیرونی طاقتوں کی ایماء پر اپنے عزائم پورے کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
اسلامی جمعیت طلبہ نصاب تعلیم میں تبدیلی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ملک میں مغربی تہذیب کو فروغ دینے کے لیے سیکولر نظام تعلیم کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ان سازشوں کا آلہ کار بننا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔
لاہور پریس کلب مظاہرے سے صدر اردو تحریک شریف نظامی نے خطاب میں اردو کے بجائے انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے نہ کہ نصاب کو مکمل انگریزی میں کیا جائے ۔ پنجاب بھر میں مظاہروں سے ظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی رائے حق نواز ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی حسن جاوید اور دیگر نے خطاب کیا۔