لاہور، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، کراچی میں رم جھم کا امکان

Rain

Rain

لاہور / کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جان لیوا گرمی کی قاتل لہر آج شام ختم ہونے کا امکان ہے ،شہر قائد میں شمال مشرقی گرم ہوا چلنا بند ہو گئی ہے ۔ شہر میں جنوب مغربی سمندری ہوا چلنے لگی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی ہے۔

راول پنڈی ، اسلام آباد میں ابرکرم برسا ، ٹھنڈی ہوا چلی اور موسم حسین ہوگیا۔ جڑواں شہروں میں آسمان پر بادل چھائے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی جاری ہے۔

لاہور میں آسمان پر چھائے بادلوں اور بعض علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی نے موسم میں خوشگوار تبدیلی پیدا کر دی ہے اور روزہ داروں کے چہرے کھِل اٹھے ہیں ۔ فیصل آباد میں دو روز کے بعد آسمان پر گھنے بادل چھا گئے ۔ ٹھنڈی ہوا کے ساتھ آسمان سے ٹپکتی بوندوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آج پنجاب اور کشمیر کے اکثر علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، پشاور ، کوہاٹ ، بنوں ، بہاولپور، سکھر، حیدرآباد اور کراچی کے بعض علاقوں میں بھی باران رحمت برس سکتی ہے۔