لاہور اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پٹرول کی شدید قلت

Petrol

Petrol

لاہور (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے یوم شہدا اور تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے باعث کئی شہروں میں پٹرول کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

کچھ شہروں میں انتظامیہ نے پیٹرول پمپ بند کرا دیئے جبکہ سڑکیں بند ہونے سے بھی پیٹرول شہروں میں نہیں پہنچ رہا۔ اس صورتحال میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متعدد ایمبولینسز بھی مریضوں کو اسپتال منتقل نہ کر سکیں۔ بیشتر علاقوں میں تازہ سبزیوں پھلوں، دواؤں سمیت اشیا خورد و نوش کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پھل اور سبزیاں خراب ہونے لگے۔ اسلام آباد کے زیادہ تر پٹرول پمپس بند ہیں۔ پٹرول نہ ہونے کے باعث کئی گاڑیاں راستے میں بند ہو گئیں۔ لاہور کے پٹرول پمپس کو آٹھ اگست سے پٹرول کی فراہمی بند ہے۔

شہر کے نوے فیصد پٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔ شہری اس صورتحال پر پھٹ پڑے۔ ملتان میں پولیس نے اکثر پٹرول پمپس بند کرا دیئے۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پٹرول کی سپلائی بہترنہ ہونے کی صورت میں بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔