لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے جناح اسپتال میں نامعلوم خاتون نومولود بچی کو اغوا کرکے فرار ہوگئی، سیکورٹی گارڈز اور پولیس کو کانوں کان خبر نہ ہوئی، اسپتال انتظامیہ نے بھی چپ سادھ لی۔ لاہور کے رہائشی غلام محمد نے بتایا کہ اسکے ہاں صبح بیٹی کی پیدائش ہوئی، انہوں نے بیٹی لیبر روم کے باہر بیٹھی دادی کے حوالے کی۔ لیبر روم کے باہر ہی ایک خاتون کافی دیر سے کھڑی تھی، اس نے بچی دیکھنے کے بہانے اسے اٹھایا اور یہ جا وہ جا۔ غلام محمد کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ غائب ہوگئی، ایم ایس آفس کو بھی تالہ لگ گیا۔
کوئی بات سننے کیلیے تیار نہیں، ہمیں تو صرف اپنی بیٹی چاہییے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے اغوا کی درخواست وصول کر لی ہے، ملزمہ کا سراغ لگانے کیلیے سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جائیگی۔ گائنی وارڈ کے عملے کا کہنا تھاکہ والدین انجان لوگوں کے ہاتھ اپنے بچے نہ دیا کریں، لاپرواہی اور غفلت سے بھی ایسے واقعات کا سبب بن رہی ہے۔