اگلے 24 گھنٹوں میں لاہور، کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں بارش کا امکان

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) دن بھر گرمی اور حبس نے ستایا، سہہ پہر کو برستے بادلوں نے خوب نہلایا۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں رم جھم کے بعد موسم تو خوشگوار ہوا ہی نظارے بھی نکھر گئے۔ سرگودھا میں بھی بادل خوب برسے۔ بارش کے بعد پارہ گرا تو شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ فیصل آباد میں بھی سرمئی گھٹاؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

ٹوبہ میں بادل تو نہ برسے لیکن منچلوں نے گرمی کا توڑ کر لیا۔ خالی بوتل کو شاور بنایا، اس میں پائپ لگایا پھر بارش کا خوب مزا اڑایا۔ موسم کی خبر دینے والوں نے پیر سے مون سون شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں بھی بارش متوقع ہے۔

پنجاب، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی رم جھم ہو گی۔ ادھر میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ بھکر، بہاولنگر اور نور پور تھر میں پارہ چھیالیس درجے تک پہنچ گیا۔ کراچی میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔