لاہور کی خبریں 19/9/2013
Posted on September 20, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور کے علاوہ قصور ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں بھی زیادتی کے واقعات
لاہور(پی پی سی)لاہور کے علاوہ قصور ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں بھی زیادتی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ضلع حافظ آباد کی رہائشی متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے بہنوئی کے ہمراہ گوجرانوالا سے حافظ آباد آرہی تھی کہ بھڑی موڑ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسے اغوا کیا اور قریبی پیٹرول پمپ پر لے گئے۔ 6 اغوا کاروں نے اس کے بہنوئی کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ کوٹ لدھا تھانے کی پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہارکیا ہے۔ ایک اور واقعے میں قصور میں پولیس نے شہباز روڈ کے رہائشی محنت کش کی 6 سالہ بیٹی سے زیادتی کے ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم نے اعتراف جرم کر لیا۔ عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔فیصل آباد میں بھی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گلبرگ کے علاقے میں ایک نجی اسکول میں نرسری کلاس کا پانچ سالہ بچہ بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا جسے تیز بخار تھا۔ بچے کوالائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے نجی اسکول کے پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمسن بچوں سے زیادتی کیخلاف تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش
لاہور(پی پی سی ) تحریک انصاف نے کمسن بچیوں سے زیادتی کے واقعات کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی جس میں زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی طرف سے رکن صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال نے قراداد جمع کروائی۔ قرارداد میں زیادتی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سزائے موت دینے کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قراداد میں کہا گیا ہے کہ کمسن بچیوں سے زیادتی کے واقعات مہذب معاشرے کیلئے چیلنج ہیں۔ اس سے ملک کی دنیا بھر میں بدنامی ہو رہی ہے اس لئے فوری قانون سازی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور،حساس ادارے کے 43 سالہ جوان کوتشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا
لاہور (پی پی سی )لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں حساس ادارے کے 43 سالہ جوان محمد نواز کوتشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق 43 سالہ محمد نواز کو سر میں ڈنڈے مار کر ہلاک کیا گیا۔مقتول کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں حساس ادارے کی چوکی پر ڈیوٹی کرتا تھا۔ محمد نواز پر چند روز پہلے تشدد کیا گیا تھا اور وہ مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھا کہ رات کے وقت دم توڑ گیا۔پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توانائی کے بحران کیلئے ہونے والے معاہدے وزیر اعلی پنجاب کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، تنویر اسلم اعوان
لاہور(پی پی سی)100دن میں ملک کی تعمیر و ترقی اور توانائی کے بحران کے حل کیلئے ہونے والے تمام معاہدے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیںاورآنے والے 100دنوں میں چائنہ اور ترکی کے ساتھ کئے گئے ان معاہدوں کے ثمرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے ـیہ بات صوبائی وزیر ہائوسنگ،تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے اپنے دفتر میں صوبہ کے مختلف شہروں سے آنے والے صحافی حضرات سے گفتگو کرتے ہوئے کہیـ انہو ںنے کہا کہ پنجاب کے 37اضلاع میںبے گھر عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے سستے اور معیاری گھروں کی تعمیرکے پروگرام سے غریب اور متوسط طبقے کو ارزاں نرخوں پر اپنی چھت میسر آسکے گیـانہوں نے کہا کہ 2010ء سے لے کر 2013ء تک وہ تمام اضلاع جہاں سیلاب نے لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے ان کا سروے جاری ہے اور ان تمام سیلاب متاثرین کو حکومت مالی امداد کے ساتھ ساتھ ذاتی گھر بھی تعمیرکرکے دے گی اور آئندہ کے لئے ایسی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جس سے سیلاب سے کم سے کم نقصانات کوممکن بنایا جاسکےـ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب تمام محکموں میں کرپشن کے خاتمے اور ترقیاتی کاموںمیں شفاف انداز میں ہونے والے اخراجات کے لئے انتہائی سنجیدہ ہیںـانہوں نے بتایا کہ عوام کو سستے رہائشی منصوبوں کے ساتھ صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ـتنویر اسلم نے مزیدکہا کہ وزیراعلی پنجاب چاہتے ہیں کہ ان تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے ملکی ترقی کی رفتارمیں بہتری لائی جاسکے جس کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیںـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی ادارہ صحت نے کیڑے مار ادویات کو عوامی صحت کے لیے مضرقرار دیدیا
لاہور( پی پی سی) عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ملک بھر میں غیر معیاری کیڑے مار ادویات کو عوامی صحت کے لیے خطرہ قرار دے کر اس کا استعمال ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر ناقص کیڑے ماد ادویات کا استعمال فوری طور پر روکا نہیں گیا تو ڈینگی کے پھیلا کا سبب بننے والے مچھروں کے خاتمے کے لیے استعمال کی جانے والی بلیو ایچ او کی منظور کردہ مصنوعات بھی کارگر نہیں ہوسکیں گی۔ادارے کے ایک اہلکار نے نے جی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ادارے نے خصوصی طور پر حکومت پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے اسے اس حوالے سے ہونے والے عالمی معاہدے، اسٹاک ہوم کنونشن 2000 کے نفاذ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ اس مافیا کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جس نے مقامی سطح پر کیڑے مار ادویات کی تیاری اور ان پر ڈبلیو ایچ او کا لیبل لگا کر فروخت شروع کر دی ہے۔ادارے کا کہنا کہ ڈینگی کا سبب بننے والے مچھر، غیر معیاری کیڑے مار ادویات کے استعمال کی وجہ سے روز بروز طاقتور ہو رہے ہیں۔ادارے کا کہنا کہ اس وقت مچھروں کے خاتمے کے لیے جو کیڑے مار ادویات (پیریتھرویڈس) استعمال کی جا رہیں ہیں وہ اپنی افادیت کے لحاظ سے سب سے موثر ہیں اور اگر ان دواں نے بھی اپنا اثر کھو دیا تو ملیریا اور ڈینگی کے پھیلا اور خاتمے کی کاوشوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مچھروں کی نئی طاقتور نسل کے خاتمے کے لیے اب تک عالمی ادار صحت کے پاس کوئی موثر کیڑے مار دوا موجود نہیں لہذا موجودہ ادویات کی افادیت برقرار رکھنے کے لیے غیر معیاری کیڑے مار ادویات کے استعمال کو روکنا بہت ضروری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈالر کی قیمت میں اضافہ افواہوں کی وجہ سے ہے،یٰسین انور
لاہور(پی پی سی) گورنر سٹیٹ بینک یٰسین انور نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اجافہ افواہوں کی وجہ سے ہے۔ جلد روپے کی قدر میں اسحکام آجائیگا۔ آئی ایم ایف سے 544ملین ڈالر کی پہلی قسط آگئی ہے جبکہ اسلامی ترقیاتی بنک سے بھی 133 ملین ڈالر آگئے ہیں کرنسی کی صورتحال آئی ایم ایف سے معاہدہ کی وجہ سے نہیں ہے سٹاک مارکیٹ میں جلد استحکام آجائیگا۔ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے۔ سنگل ڈیجٹ میں مہنگائی بڑھی ہے حکومت اپنے ریونیو ٹارگٹ حاصل کرلے گی۔ سٹیٹ بینک قانون کے تحت حکومت کو قرض فراہم کرنے کا پابند ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے انفلوز نہیں آئیں گے یہ کسی نے غلط کہا ہے۔ ان کا کہنایہ شیڈول ہوگئے ہیں یہ انفلوز کافی آئیں گے آئی ایم ایف کی پہلی قسط 544 ملین ڈالر آگئی ہے اگلی قسط آئندہ تین ماہ بعد آئے گی۔ اسلامی ترقیاتی بنک سے 133 ملین ڈالر آگئے ہیں اور بھی قسطیں اس مہینے اور اگلے مہینے آئیں گی یہ رپورٹ نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارے انفلوز آئیں گے تو ہمارے ٹارگٹ حاصل ہوجائیںگے این این اے ٹارگٹ جو اخبارات لکھ رہے ہیں ہم وہ حاصل کرلیں گے باقی تمام ٹارگٹس بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ لوگ فکرمند تھے اور کہہ رہے تھے کہ ڈالر جنوری سے جون تک 110سے 115تک پہنچ جائے گا تاہم ایسا نہیں ہوا جو ایسا کہہ رہے تھے ان کی پوزیشن کو نقصان ہوا ہے اس طرح کی پیشگوئی نہیں کرنی چاہیے ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کیا ہورہا ہے امریکا میں کوانٹیٹی سیزنگ ہوئی ہے اس میں پانچ ملک ایسے ہیں جن میں ڈبل ڈیجٹ ڈیپریس ایشن ہوئی ہے ان میں جنوبی افریقہ، ترکی، بھارت، برازیل شامل ہیں پاکستان میں سب سے کم پانچ فیصد ہوئی ہے باقی ڈبل ڈیجٹ میں ہوئے ہیں ہماری کارکردگی بہت مستحکم ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ کے نتیجہ میں مارکیٹ مثبت انداز میں جاری ہے موڈیز اور ایس ایم ایس نے ہمیں پوزیٹو آوٹ لک دے دی ہے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ڈالرز کی بیرونی ملک منتقلی کو ہم نے کافی حد تک کنٹرول کیا ہے ہم نے لاہور، سیالکوٹ ، کراچی ایئرپورٹ پر اپنے نمائندے تعینات کئے ہیں ہم ایف بی آر کے ساتھ مل کر اسے کنٹرول کررہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ افواہوں کی وجہ سے ہورہا ہے ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت حکومت سٹیٹ بینک سے قرضہ لے سکتی ہے حکومت سبسڈی ختم کررہی ہے ریونیو ٹارگٹس حاصل کررہی ہے وقت لگے اور حکومت ریونیو ٹارگٹس حاصل کرلے گی اور وہ سٹیٹ بینک سے قرضہ لینا بھی کم کردے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کون ہے جو دنیا میں اخبارات میں اپنی حکومت کو ڈیفالٹ کرتا ہے ایسا دنیا میں نہیں ہوتا یہ درست نہیں ہے ان کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال سے انٹرسٹ ریٹ پانچ پرسنٹ نیچے گرا ہے اس کے نتیجہ میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے ابھی تک یہ اسی سطح پر ہے ان کا کہنا تھا کہ ہماری مانیٹری پالیسی کی ہر دو ماہ بعدمیٹنگ ہوتی ہے اور ہم دیکھیں گے کہ اگر مہنگائی ہورہی ہے تو ہم اس کو کنٹرول کریں گے۔ اگر مہنگائی نہیں بڑھے گی تو انٹرسٹ ریٹ بھی نہیں بڑھے گا ان کا کہنا تھا کہ 1990 سے ہماری فری مارکیٹ اکانومی ہے ہمارے نیشنلائز بنکوں سے 85 پرسنٹ پرائیویٹ اثاثوں میں کمی آئی ہے بھارت میں 70فیصد قومی اثاثے ہیں بھارت ڈائریکٹ لینڈ کرسکتا ہے وہ کہہ سکتے ہیں کہ ایکس پرسنٹ ایس ایم ای کو کرو ایکس پرسنٹ ایگریکلچر کو کرو ہم لوگ نہیں کرنا چاہیے اگر ہم ایسا کریں گے تو اس سے فری مارکیٹ فورسز کم ہوجائیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈینگی لاروے کے خاتمہ کیلئے چیکنگ جاری ہے: عامر احمد
علامہ اقبال ٹائون میں اب تک ڈینگی کے 11مریض کنفرم ہوئے ہیں، صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو
لاہور(پی پی سی)صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو ڈاکٹر عامر احمد نے آج ٹی ایم اے آفس اقبال ٹاؤن میں انسدادڈینگی لاروا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹاؤن بھر میں ڈینگی لاروے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے سلسلے میں گھر گھر چیکنگ کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤن بھر میں اب تک ڈینگی کے 11مریض کنفرم ہوئے ہیں جن کا علاج معالجہ تیزی سے جاری ہے جبکہ ان گھروں کے اطراف میں سپرے کا عمل بھی متواتر جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن بھر کے 64مختلف مقامات پر ڈینگی لاروے کے موجودگی پائی گئی جس کو فوری طور پر تلف کیا گیا جبکہ 25گھروں میں ڈینگی لاروا بھی پایا گیا جس پر گھروں کے مالکان کو نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک اقبال ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلوں میں ڈینگی لاروے کی موجودگی پر کارخانوں ، سکولوں اور خالی پلاٹوں کے 14مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین کا سروسز ہسپتال کا دورہ
متاثرہ بچی سنبل کی عیادت کی،واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، گفتگو
لاہور(پی پی سی)وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے آج سروسز ہسپتال میں متاثرہ کمسن بچی سنبل کی عیادت کی۔صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین کوڈاکٹروں نے بچی کی حالت اور علاج معالجے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔حمیدہ وحیدالدین نے بچی کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا اور لواحقین سے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کے متعلق استفسار کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے اس معاملے میں ملوث ملزموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صنعتوں کو3ماہ گیس کی بندش بحران میں مبتلا کردیگی:حاجی اشفاق
رواں مالی سال میں گیس15سے 20فیصد مہنگی ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا
لاہور(پی پی سی) تاجر رہنما و انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار) کے صدر حاجی محمد اشفاق نے کہا ہے کہ صنعتی مقاصد کیلئے 3 ماہ تک مسلسل گیس کی بندش انڈسٹری کو نئے بحران میں مبتلا کردے گی۔حکومت پہلے ہی انڈسٹری کو ہفتہ میں 4یوم گیس فراہم کر رہی ہے اب حکومت کی جانب سے لوڈ مینجمنٹ کے نام پر صنعتی اداروں کو مسلسل 3ماہ تک گیس کی بندش کے پروگرام سے ان اداروں میں لاکھوں ملازمین بے روزگاری کا شکار ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے اور انہوں نے بہتر مستقبل اور ملک کی صنعتی ترقی کیلئے انہیں پورے ملک میں بھرپوراکثریت سے کامیاب کروایا اس لیے حکومت صنعتکاروںکے خلاف اس قسم کے فیصلوںسے احتراز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران لوہامارکیٹ شہید گنج کے دفتر میں عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا۔ حاجی محمد اشفاق نے ان خبروں پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت حکومت رواں مالی سال میں گیس 15 سے20فیصد مہنگی ہونے کا امکان ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے چند روز قبل ہی انڈسٹری اور گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا اب اس مجوزہ اضافہ سے پیداواری لاگت بڑھ جائے گی اور اس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا ،اس حکومتی اقدام سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور سفید پوش طبقہ متاثر ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
17000مواضعات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جا چکا
پنجاب بھر کی 70تحصیلوں میں مثالی مراکز کے ذریعے کمپیوٹرائزڈفرد جاری کی جا رہی ہے
ورلڈ بنک ٹاسک ٹیم لیڈر ایڈوورڈ کک، ٹیکنیکل کنسلٹنٹ ایگورپاپوکو دویرہ کے موقع پربریفنگ
لاہور(پی پی سی)پنجاب بھر کی 70تحصیلوں میں مثالی مراکز کے ذریعے فرد کے اجراء اور انتقال اراضی کی کمپیوٹرائزڈ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔صوبے کے کم و بیش 17000مواضعات بشمول ساڑھے تین کروڑ مالکان اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جاچکا ہے جبکہ 22 تحصیلوں میں ڈیٹا انٹری کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ 59مثالی مراکز کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے جبکہ کمپیوٹرائزڈ فرد فراہم کرنے والی عمارات کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے۔اس امر کا اظہار صوبہ بھر کے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن منصوبے میں مالی تعاون فراہم کرنے والے ادارے ورلڈ بنک نے اپنے مشن کے دوران منصوبے کی کارکردگی اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینے والے مشن کے دوران ورلڈ بنک کے نمائندے جن میں ٹاسک ٹیم لیڈر ایڈوورڈ کک، ٹیکنیکل کنسلٹنٹ ایگورپاپو اور سوشل ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ ثمینہ اسلام کو اس منصوبے کے متعلق مکمل بریفنگ کے دوران کیا گیا۔مشن کے دوران ورلڈ بنک کے نمائندوں نے مثالی مرکز قصور اور ننکانہ صاحب کا بھی دورہ کیا اس دوران انہوں نے ڈی سی او قصور اور ڈی سی اور ننکانہ صاحب سے بھی ملاقات کی جنہوں نے متعلقہ اضلاع میں منصوبے کی مختلف امور کے متعلق معلومات فراہم کیں اور ضلع بھر میں اس کی جلد از جلد تکمیل کا اعادہ کیا۔مشن نے مثالی مرکز میں موجود عملے کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے سائلین سے بھی گفتگو کی۔مشن کے اختتام پر ورلڈ بنک کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ورلڈ بنک کے کامیاب ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔مزید برآں مشن نے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں حکومت پنجاب کے عزم کو سراہتے ہوئے تائید کی کہ حکومت پنجاب شہریوں کی تیز اور شفاف خدمات کے ذریعے لینڈ ریکارڈ تک رسائی آسان بنانے کے ساتھ ساتھ مالکان و حقداران کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منشیات سے پاک لاہور سیف چائلڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام شیشہ سموکنگ پر چلڈرن واک
لاہور(پی پی سی)وفاقی و صوبائی حکومت کے منشیات سے پاک لاہور اور سیف چائلڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام شیشہ سموکنگ کے خلاف چلڈرن واک کا اہتمام کیا گیاواک کچا ساندہ کے علاقے میں ایک پرائیویٹ سکول کے طلبا و طالبات کے زریعے کی گئی اس موقع پر بچے پر عزم دکھائی ویئے اور شیشہ سموکنگ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے اور پاکستان زندہ بادکی صدا بلند کرتے رہے بچوں کوشیشہ سموکنگ اور منشیات کے خلاف آگاہی بھی دی گئی اپنے بیان میں فائونڈیشن کے صدر شہزاد انجم بیگ نے کہا کہ بچے ملک پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور پاکستان کی ترقی کے لیئے بچوں کا تحفظ انتہائی ضروری ہے ہر پاکستانی کو بچوں کی نگہداشت کرتے ہوئے اپنا فرض نبھانا چاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات جمہوریت کے منافی ہے: ناصر گل
حکمرانوں نے شخصی آمریت کو فروغ دینے اور جمہوری روایات پر شب خون مارنے کی انتہا کردی
لاہور(پی پی سی) پاکستا ن مسلم لیگ پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ناصر محمود گل نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو غیر جماعتی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ جمہوریت کی روح کے منافی اور فوجی حکمرانوں کے مؤقف کی کھلم کھلا تائید ہے۔ جمہوریت پرستی کا تمغہ سجانے والے ان شریف حکمرانوں نے شخصی آمریت کو فروغ دینے اور جمہوری روایات پر شب خون مارنے کی انتہا کردی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی آفس میں یوتھ ونگ کے جوائنٹ سیکرٹری میاں محمد فاروق’ لاہور کے صدر حاجی شکیل’ ظہیر نقوی’ عقیل شاہ’ میاں فیصل اور محمد اعظم سمیت دیگر کارکنان سے میٹنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ناصر محمود گل نے کہا کہ زرپرستی کی روش میں ڈوبے ہوئے موجودہ حکمرانوں نے ملک کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر اور مسلم اور غیر مسلم ممالک میں اپنی آل اولاد کو حکومتی سطح پر متعارف کرواتے ہوئے اقربا پروری کی انتہا کردی اور انہی گزشتہ چند ماہ میں اس آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں جس کا راگ وہ اپنے اپوزیشن کے دور میں الاپتے رہے ہیں۔ حاجی شکیل نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئن شریف برادران نے جمہوری ایوانوں میں بیٹھ کر اپنے اور اپنے جانشینوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے علاوہ کوئی ایک کام نہیں کیا جس سے پاکستان اور 18 کروڑ غریب عوام کے بنیادی حقوق کو تحفظ مل سکے۔ عوامی فلاح و بہبود سے نابلد اور جبر کی پیداوار ان شریف حکمرانوں کی حکومتی چھتر چھاؤں میں آزادی’ خود مختاری کا فقدان’ جان و مال اور عزت کے عدم تحفظ’ انصاف کی ناکامی’ انسانی حقوق کی پامالی اپنی آخری حدود کو چھو رہی ہے۔ قومی المیہ ہے کہ اقتدار حاصل کرکے وطن عزیز کو انتظامات کے آئین و قانون کے سائے میں چلانے کیلئے کسی قاعدے قانون کو خاطر میں نہیں لا رہے بلکہ اپنے اختیارات کو وسعت اور اقتدار کو مضبوط کرنے کیلئے نت نئے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو نجات دہندہ کہلانے والے شریف حکمران حقیقی معنوں میں پاکستان اور اپنے غریب عوام کیلئے کسی مصیبت اور عذاب سے کم نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چھانگا مانگا، پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سہولیات فراہمی کامنصوبہ
وزیٹر ٹرین کو جدید بنانے کے علاوہ چیئر لفٹ لگانے کے منصوبے پر بھی کام شرو ع کیا جائے
سرکاری زمین کو ناجائز قابضین سے ہر صورت واگزار کرواکرجنگل میں شامل کیا جائے گا
لاہور(پی پی سی)صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہا ہے کہ چھانگا مانگا جنگل کا حقیقی حسن اور خوبصورتی بحال کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن وسائل استعمال کرے گی ۔پبلک پرائیویٹ پارنٹرشپ کے ذریعے چھانگا مانگا پارک میں جدید سہولیات اور تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ سیاح صحیح معنوں میں لطف اندوز ہو سکیں۔انہوں نے یہ بات چھانگا مانگا جنگل کے دورہ کے موقع پر کہی ۔اس موقع پر کنزرویٹرفاریسٹ مہر محمد یوسف اور ڈی ایف او چھانگا مانگا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر نے ماضی میں چھانگا مانگا جنگل کے داخلی راستے میں 250 ایکڑ رقبہ پر موجود کھیتوں کو ختم کر کے درخت لگانے کے لئے فراہم کردہ فنڈز استعمال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کے افسران کو ان فنڈز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر جنگلات نے کہا کہ پارک میں موجود سوئمنگ پول کو دوبارہ بحال کیا جائے اور تیراکی کا لطف اٹھانے والوں کی حفاظت کے پیش نظر اس کی گہرائی کو کم کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چھانگا مانگا جنگلات کی سرکاری زمین کو ناجائز قابضین کے تسلط سے ہر صورت واگزار کروا کر جنگل میں شامل کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں جلد دوبارہ آپریشن کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا ناجائز قابضین کی طرف سے محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران کے خلاف درج ناجائز مقدمات کو خارج کروانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ملک محمد آصف بھا نے کہا کہ چھانگا مانگا کی وزیٹرز ٹرین کو جدید بنانے اور پارک میں چیئر لفٹ لگانے کے منصوبے پر بھی غو رکیا جا رہا ہے ۔انہوں نے موقع پر موجود محکمہ جنگلات کے اعلی افسران کو ہدایت کی کہ چھانگا مانگا میں چار ہزار ایکڑ اراضی پر کاشت کردہ کانے / سرکنڈوں کی فصل کی صفائی کر کے اس پر بھی درخت لگائے جائیں اور اس سلسلہ میں پی سی ون بنایا جائے تاکہ اس پر آنے والی لاگت کا تخمینہ لگا کر فنڈز کا انتظام کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہو جانے والے ملازمین کی خالی آسامیوں کو جلد پر کرنے کے لئے سمری بنائی جائے تاکہ جنگل کے انتظام و انصرام کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔صوبائی وزیر نے جنگل میں مون سون شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا دورہ ترکی ہر حوالے سے کامیاب رہا ہے، ناصرسعید
لاہور(پی پی سی)پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹریڈرز ونگ کے شریک چیئرمین اور لاہور چیمبر و ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رُکن ناصرسعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا دورہ ترکی ہر حوالے سے کامیاب رہا ہے اور بہت دور رس نتائج کاحامل ہوگا۔ ایک بیان میں ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ترکی اُن کے اُس معاشی پلان کا حصہ جو انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر عبداللہ گل نے نواز شریف کے دورہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے توانائی، صنعت و تجارت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جو ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کے تاجروں کو پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کی دعوت دی ہے جس سے نہ صرف پاکستان میں نئی صنعت سازی ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع نکلیں گے بلکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی میں بھی مدد ملے گی۔ ناصر سعید نے کہا کہ اگر معاشی ترقی کے تناظر میں دیکھا جائے تو ترکی یورپین یونین کا بہت اہم ملک ہے جو پاکستان کے معاشی استحکام میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کی قلت کا شکار ہے جبکہ ترکی مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے میں مہارت رکھتا ہے ، وزیراعظم نواز شریف نے نہ صرف ترکی سے اس شعبے میں تعاون مانگا ہے بلکہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا دورہ ترکی ہر حوالے سے کامیاب ثابت ہوا ہے جس کے نتائج جلد ہی نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔