لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دو روز قبل مبینہ طور پر اغوا کی گئی لیڈی ٹریفک وارڈن کو نامعلوم افراد بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے ، مقامی افراد نے ریسکیو کی مدد سے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال داخل کروا دیا ۔
پولیس کے مطابق باغبانپورہ کی رہائشی افرا سعید نامی لیڈی وارڈن کو دو روز قبل شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈیوٹی سے واپس جاتے ہوئے اغوا کیا تھا ۔ بدھ کی صبح افرا کو رنگ روڈ کے علاقے کرول گھاٹی میں بے ہوشی کی حالت میں کار سوار پھینک کر فرار ہو گئے ۔
مقامی افراد نے ریسکیو کی مدد سے افرا کو کوٹ خواجہ سعید ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے جبکہ ڈاکڑوں کے مطابق افرا کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں ۔ پولیس افرا کا بیان ریکارڈ کرنے ہسپتال پہنچی تو ڈاکٹروں نے وارڈن کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت نہیں دی ۔
ذرائع کے مطابق افرا کا خاوند کچھ عرصہ قبل فوت ہو گیا تھا اور اس کا اپنے سسرالیوں کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا ۔ پولیس نے افرا کی بہن کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرنے کے بعد اس کے دیور کو حراست میں لیا تھا ۔